رانچی17 مارچ (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) بہار کے سابق وزیر اعلیٰ اور آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد اور سابق وزیر اعلیٰ جگن ناتھ مشرا سمیت 31 لوگوں کے خلاف سی بی آئی کی خصوصی عدالت چارہ گھوٹالہ کے دمکا خزانے کیس میں پیر کو فیصلہ سنا ئے گی۔ لالو یادو اور جگن ناتھ مشرا اور دیگر پہلے ہی چارہ گھوٹالہ کے تین مقدمات میں مجرم ٹھہرائے جانے کے بعد سے برسا منڈا جیل میں بند ہیں۔ سی بی آئی کے خصوصی جج شیو پال سنگھ کا تربیتی پروگرام ہونے کی وجہ سے آج عدالت میں عدالتی کام نہیں ہو سکا اور اسی وجہ چارہ گھوٹالہ کے دمکا خزانہ سے منسلک لالو، جگن ناتھ مشرا اور 29 دیگر کے معاملے میں جو فیصلہ آج آنا تھا وہ اب پیر کو آئے گا۔ لالو پرساد کے وکیل پربھات کمار نے بتایا کہ چارہ گھوٹالہ کے اس معاملے میں اب عدالت اپنا فیصلہ پیر کو سنا ئے گی ۔ جمعہ کو عدالت نے بہار کے اس وقت کے آڈیٹر جنرل سمیت آڈیٹر جنرل آفس کے تین افسران کے خلاف اسی معاملے میں مقدمہ چلائے جانے کی لالو پرساد کی درخواست قبول کرتے ہوئے تینوں کو سمن جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔ چارہ گھوٹالہ کے دمکا خزانے معاملے میں تین کروڑ، تیرہ لاکھ روپے کا غبن ہوا تھا۔ سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے دمکا خزانہ سے غیر قانونی لین دین سے جڑے معاملے میں اپنا فیصلہ پانچ مارچ کو محفوظ کر لیا تھا۔ کل سی بی آئی عدالت نے پہلے لالو کی اس نئی درخواست پر فیصلہ سنایا جس میں ان کے وکیل آنند نے چارہ گھوٹالے کے اس معاملے میں بہار کے اس وقت کے آڈیٹر جنرل وغیرہم کے ملوث ہونے کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا تھا۔ جر ائم کی دفعہ 319 کے تحت لالو نے ان تینوں کو بھی نوٹس جاری کرکے اس معاملے میں ملزم بنانے کی درخواست کی تھی۔عدالت نے تینوں افسران کو تین ہفتے کے اندر اندر اپنا موقف رکھنے کے لئے سمن جاری کئے ہیں۔ لالو پرساد نے اپنے وکیل کے ذریعے پوچھا تھا کہ اگر اتنا بڑا گھوٹالہ بہار میں ہوا تو اس دوران 1991 سے 1995 کے درمیان بہار کے آڈیٹر جنرل آفس کے افسران کے خلاف کیا کارروائی کی گئی؟ یہ عرضی بدھ کو ہی دائر کی گئی تھی۔ اس سے پہلے اسی سال 24 جنوری کو لالو پرساد اور جگن ناتھ مشرا کو سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے چائی باسا خزانے سے 35 کروڑ، 62 لاکھ روپے کا غبن کرنے کے چارہ گھوٹالے کے ایک اور کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے پانچ پانچ سال قید اور بالترتیب دس لاکھ اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے چارہ گھوٹالے کے چائی باسا کیس میں کل 50 ملزمان کو مجرم قرار دیتے ہوئے سزا سنائی تھی۔